مظفرنگر، 3جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نائب الیکشن کمشنر وجے کمار دیو نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے ارادے سے مغربی اتر پردیش کے مختلف اضلاع کے حکام کو سخت چوکسی برتنے اور آگاہ رہنے کی ہدایت دی ہے۔میرٹھ میں علاقے کے پولیس اور انتظامیہ کے سینئر حکام سے خطاب کرتے ہوئے دیو نے مظفرنگر، شاملی، میرٹھ، غازی آباد، سہارنپور، باغپت، بلندشہر،نوئیڈا اور ہاپوڑ کے حکام سے کہا کہ وہ مفرور مجرموں اورغنڈوں کی فہرست الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کریں۔سیکورٹی وجوہات اور انتخابات کے دوران مجرموں کی طرف سے غلط کاموں میں شامل ہونے کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے یہ ہدایات دی گئی ہیں۔پڑوسی دہلی، ہریانہ اور اتراکھنڈ سے ریاست میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کرنے کے لئے بین ریاستی سرحدوں پر خصوصی بلاکر لگائے جائیں گے۔اس کے تحت دہلی، دیہرادوون اور پانی پت-خاتما ہائی وے پر بلاکر لگائے جائیں گے۔دیو نے متعلقہ جیل حکام سے کہا ہے کہ وہ اپنی جیلوں میں بند گینگسٹر کی فہرست انہیں مہیا کرائیں۔مظفرنگر ضلع میں گینگسٹر قانون کے تحت 478مجرم جیل میں بند ہیں۔